لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر پولیس نے شہر بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے تمام داخلی و خارجی راستوں سمیت اہم شاہراؤں پر سخت سکیورٹی انتظامات برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ترجمان پولیس کے مطابق شہر کی 5059 مساجد کے اطراف سکیورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر سنائپرز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی نے نمازِ جمعہ کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کرتے ہوئے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کر سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔افسران و جوانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈیوٹی کے دوران مکمل الرٹ رہیں، جبکہ مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کے قریب موٹر سائیکل و گاڑیوں کی پارکنگ مناسب فاصلے پر کروائی جائے۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور دیگر پٹرولنگ یونٹس شہر کے مختلف علاقوں میں گشت بڑھا چکے ہیں۔ ڈی آئی جی فیصل کامران نے شہریوں سے اپیل کی کہ مشکوک افراد یا سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔