پنجاب حکومت کا اینٹی سموگ اقدامات کو مزید سخت بنانے کا اعلان

پنجاب حکومت کا اینٹی سموگ اقدامات کو مزید سخت بنانے کا اعلان

لاہور میں شمال مغربی ہواؤں کے باعث درآمد شدہ آلودگی میں اضافہ ہونے پر پنجاب حکومت نے شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کرنے اور اینٹی اسموگ پلان کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام متعلقہ ادارے 24/7 فیلڈ میں متحرک ہیں اور فضائی آلودگی کے سدباب کے لیے سائنسی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ صنعتی شہروں سے آنے والی آلودگی کی سائنٹیفک میپنگ کے ذریعے مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومتی اقدامات کے باعث آنے والے دنوں میں صورتحال میں نمایاں بہتری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔محکمہ ماحولیات کے مطابق شمال مغربی ہواؤں سے آلودگی کی آمد میں اضافہ ضرور ہوا ہے، تاہم حکومتی ریگولیشنز میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جا رہی۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے ڈرون سرویلنس اور گراؤنڈ ٹیموں کی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ریئل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ، وارننگ سسٹم اور فوری رسپانس یونٹس کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، جبکہ سموگ کنٹرول مشینری، واٹر باؤزرز اور انسپیکشن ٹیموں کو لاہور میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔حکومت نے شہریوں، خصوصاً حساس افراد سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر باہر جانے سے گریز کریں، ماسک کا باقاعدگی سے استعمال کریں، پانی کا زیادہ استعمال رکھیں، اور سانس میں تکلیف کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت خطے میں سب سے جامع اینٹی اسموگ پلان پر عملدرآمد کر رہی ہے اور عوامی تعاون سے صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔