ایڈیلیڈ میں ہونے والے پنک بال ٹیسٹ میں بھارت کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہو گئی، اور پوری ٹیم 180 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
آسٹریلیش فاسٹ باؤلر مچل سٹارک نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 14.1 اوورز میں 48 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جس سے بھارتی بیٹنگ کو شدید نقصان پہنچا۔ پیٹ کمنز اور سکاٹ بولینڈ نے بھی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔بھارتی ٹیم کی اننگز کا آغاز ہی مایوس کن رہا، جہاں اوپنر جیسی وال صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کےراہول 37 رنز بنا سکے۔ شمبان گل نے 31 رنز کی اننگز کھیلی، اور ویرات کوہلی صرف 7 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔ بھارتی کپتان روہت شرما بھی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ رشبھ پنٹ نے 21 رنز بنائے۔ نتیش کمار اور روی ایشون نے بالترتیب 42 اور 22 رنز بنائے، جس سے بھارت کی ٹیم 180 رنز تک پہنچ پائی۔