ایئرپورٹ جانے سے روکنے کا جو فیصلہ جماعت کے اندر سے کیا گیا وہ غلط تھا
ن لیگ ، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم نے پی ٹی آئی کو مشترکہ دشمن بنا لیا ہے: لیگی رہنما
لاہور(آ ئی این پی)مسلم لیگ(ن)کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے نوازشریف کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ نہ جانے کا فیصلہ شہبازشریف نے کیا تھا، نوازشریف کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ جاتے تو انتخابات میں دو تہائی اکثریت ملتی۔جاوید لطیف نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایئرپورٹ جا نے سے روکنے کا جو فیصلہ جماعت کے اندر سے کیا گیا وہ غلط تھا۔دریں اثنا انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی واقعے کی وجہ سے ملک میں پھر طاقت کے استعمال کا جواز پیدا ہوگیا ہے، آئین قانون پر عملدرآمد کرنا اسٹیبلشمنٹ کی مجبوری بن چکی تھی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 9 مئی واقعہ کیا تو اسٹیبلشمنٹ کی پالیسی بدل گئی، ریاستی اداروں سے نوجوانوں کا اعتماد اٹھ گیا اور وہ اداروں میں بیٹھے لوگوں کی پالیسیوں سے خفا ہیں۔جاوید لطیف نے کہا کہ حکومت کو ڈر اور خوف تب ہوتا ہے جب عوام میں سپورٹ نہیں ہوتی، ن لیگ ، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم نے پی ٹی آئی کو مشترکہ دشمن بنا لیا ہے۔