پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پارٹی نے اس حوالے سے تنظیمی اور انتظامی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کی تاریخ تقریباً 50 روز پہلے دینے کا مقصد ملک بھر میں بھرپور سیاسی، انتخابی اور تنظیمی مہم چلانا اور کارکنوں کو متحرک کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اس لانگ مارچ کو ایک بڑی سیاسی سرگرمی کے طور پر منظم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کے لیے مالی معاملات، کارکنوں کی رہائش، سفری انتظامات اور ممکنہ قانونی معاملات سے نمٹنے کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کے اندر اور باہر چندہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے بھی فنڈز جمع کیے جائیں گے۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنوں کی گرفتاریوں یا دیگر قانونی مسائل کی صورت میں فوری معاونت فراہم کرنے کے لیے وکلاء پر مشتمل خصوصی قانونی ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی۔
تاہم ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کی تاریخ اتنے پہلے جاری کرنے کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ طویل مدت پہلے اعلان کرنے سے حکمت عملی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال لانگ مارچ کے روٹ، شرکاء کی تعداد اور دیگر تفصیلات کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید فیصلے متوقع ہیں۔