امریکی گلوکارہ بلی ایلش نے اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے، جبکہ ان کی پہلی فلم "دی بیل جار" کی شوٹنگ کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جن میں وہ بالکل منفرد انداز میں نظر آ رہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بلی ایلش معروف شاعرہ اور ناول نگار سلویا پلاتھ کے 1963 میں شائع ہونے والے شہرۂ آفاق ناول The Bell Jar پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ایسٹر گرین ووڈ ادا کر رہی ہیں۔وائرل تصاویر میں بلی ایلش اپنے روایتی انداز سے ہٹ کر سرخی مائل بھورے بال، شوخ سرخ لپ اسٹک اور 1950 کی دہائی سے متاثر کلاسک ملبوسات میں دکھائی دے رہی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں پہچاننا بھی مشکل ہو رہا ہے۔فلم کی ہدایت کاری آسکر ایوارڈ یافتہ کینیڈین ہدایت کارہ اور مصنفہ سارہ پولی کر رہی ہیں، جبکہ اس کی شوٹنگ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں جاری ہے۔واضح رہے کہ بلی ایلش موسیقی کی دنیا میں متعدد گریمی ایوارڈز اور ایک اکیڈمی ایوارڈ (آسکر) اپنے نام کر چکی ہیں۔ انہیں جیمز بانڈ فلم No Time to Die کے ٹائٹل گیت پر بھی آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔