عالمی شہرت یافتہ کورین میوزک بینڈ بی ٹی ایس کے رکن کم تاہیونگ المعروف ’وی‘ (V) کی اداکاری کے میدان میں واپسی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
حال ہی میں وی کافی کے ایک برانڈ کے لیے بنائی گئی شارٹ فلم ’دیٹ نائٹ، آر ڈیکیف‘ میں اداکاری کرتے نظر آئے ہیں، جس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس مختصر فلم میں وہ کورین اداکارہ پارک جی من کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔شارٹ فلم کی کہانی اسکول کے زمانے میں ہونے والی ایک معصوم محبت کے گرد گھومتی ہے، جس میں دونوں اداکار نوجوانی کی یادوں اور جذباتی لمحات کو پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ مداحوں نے وی کی اداکاری اور اسکرین پر موجودگی کو بھرپور سراہا ہے۔واضح رہے کہ کم تاہیونگ نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز عالمی شہرت یافتہ کورین میوزک بینڈ بی ٹی ایس کے ساتھ بطور گلوکار کیا تھا اور موسیقی کے میدان میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے 2016 میں تاریخی کورین ڈرامہ سیریز ’ہوارنگ: دی پوئٹ واریئر یوتھ‘ کے ذریعے اداکاری میں بھی قدم رکھا تھا، تاہم اس کے بعد ان کی زیادہ تر توجہ میوزک کیریئر پر رہی۔ بعد ازاں جنوبی کوریا کے قوانین کے مطابق انہوں نے اپنی لازمی فوجی سروس بھی مکمل کی، جس کی وجہ سے انہیں اسکرین پر بطور اداکار کم دیکھا گیا۔اب اس نئی شارٹ فلم کے ذریعے وی کی اداکاری میں واپسی کو مداح ایک مثبت اور دلچسپ پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔