پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
مختلف بورڈز میں کامیابی کا تناسب 61 سے 75 فیصد کے درمیان رہا، جبکہ ہزاروں طلبہ و طالبات نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔لاہور بورڈ کے تحت ہونے والے امتحان میں 2 لاکھ 82 ہزار 308 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 82 ہزار 186 کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا مجموعی تناسب 64.53 فیصد رہا، جبکہ تقریباً ایک لاکھ امیدوار امتحان میں کامیاب نہ ہو سکے۔نتائج کے اعلان کی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال میٹرک کے نتائج کو مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے اور طلبہ پہلی مرتبہ کیو آر کوڈ کے ذریعے بھی اپنا رزلٹ دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام بورڈز کے سسٹمز کو ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو انکوائری کے لیے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں، جبکہ سپلیمنٹری امتحانات میں 100 فیصد اسکرین مارکنگ یقینی بنائی جائے گی۔
ملتان بورڈ کے تحت 1 لاکھ 33 ہزار 19 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جن میں سے 96 ہزار 638 کامیاب قرار پائے۔ بورڈ میں کامیابی کی شرح 72.65 فیصد رہی۔
فیصل آباد بورڈ کے تحت 1 لاکھ 92 ہزار 925 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 1 لاکھ 44 ہزار 89 طلبہ و طالبات کامیاب ہوئے۔ مجموعی کامیابی کی شرح 74.69 فیصد رہی، جبکہ سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب 78.49 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔فیصل آباد بورڈ کے تحت ضلع جھنگ میں 28 ہزار 514 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جن میں سے 24 ہزار 987 کامیاب رہے۔ یوں ضلع جھنگ میں کامیابی کا تناسب 87.63 فیصد رہا۔
اسی طرح ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 24 ہزار 684 طلبہ و طالبات نے امتحان دیا، جن میں سے 20 ہزار 288 کامیاب قرار پائے، جبکہ کامیابی کی مجموعی شرح 82 فیصد رہی۔
راولپنڈی بورڈ کے میٹرک سالانہ امتحان 2026 میں 1 لاکھ 20 ہزار 411 امیدوار شریک ہوئے، جہاں کامیابی کا تناسب 61.31 فیصد رہا۔ نتائج کا باضابطہ اجرا رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد اور چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے مشترکہ طور پر کیا۔راولپنڈی بورڈ میں محمد منان احتشام نے 1191 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ ان کا تعلق العامر فاؤنڈیشن سیکنڈری اسکول فار بوائز، دولتالہ گوجر خان سے ہے۔ زونیرہ طاہر نے 1180 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ محمد فصیح عبداللہ نے 1178 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تمام تعلیمی بورڈز نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نتائج متعلقہ بورڈ کی ویب سائٹ یا آن لائن سسٹم کے ذریعے رول نمبر اور کیو آر کوڈ کی مدد سے چیک کر سکتے ہیں۔