چمپئن شپ 41 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم پر مشتمل تھی، پی این فلیٹ کلب اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے:فیصل امین
کراچی (سپورٹس ڈیسک)مصر کے سلمان خلیل نے پاکستان نیوی فلیٹ کلب اوپن انٹرنیشنل سکواش چمپئن شپ جیت لی ۔ تفصیلات کے مطابق مصر کے سلمان خلیل نے پاکستان کے ناصر اقبال کو شکست دے کر پی این فلیٹ کلب اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں مصر کے نمبر تین سیڈ سلمان خلیل نے پاکستان کے ناصر اقبال کو اسٹریٹ گیمز سے شکست دے دی۔مصر کے سلمان خلیل نے 12-14، 3-11 اور 11-13 سے کامیابی حاصل کی۔کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل امین فائنل کے مہمان خصوصی تھے، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور سابق گورنر معین الدین حیدر بھی موجود تھے۔چمپئن شپ 41 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم پر مشتمل تھی۔مہمان خصوصی پاکستان نیوی کے کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل امین کا کہنا تھا کہ پی این فلیٹ کلب اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ پاک بحریہ کھیلوں کی سرپرستی کرتا رہے گا۔سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش کہ پاکستانی کھلاڑی لاس اینجلس اولمپکس میں کوالیفائی کریں اور سونے کا تمغہ جیتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو جہانگیر اور جان شیر بننے کے لیے صرف کھیل اور محنت پر توجہ دینی ہوگی۔