لاہور بورڈ میٹرک امتحان، آمنہ محبوب نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی

میٹرک امتحان میں 2 لاکھ 85 ہزار امیدوار شریک، پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے 
 محمد قاسم دوسرے، آزوا جاوید تیسرے نمبر پررہے ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے نتائج کا اعلان کیا ،ترجمان
  لاہور (زیڈ این این) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا گیا۔ ایجوکیٹرز ہائی سکول قصور کی آمنہ محبوب نے 1192 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کے نام سیکرٹری ہائر ایجوکیشن مدثر ریاض اور چیٔرمین بورڈ پروفیسر بدرالسلام نے مشترکہ طور پر اعلان کیے۔ اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے بتایا کہ امتحان میں 2 لاکھ 85 ہزار طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔مجموعی نتائج کے مطابق ایجوکیٹرز ہائی سکول قصور کی آمنہ محبوب نے 1192 نمبرز حاصل کر کے پہلی پوزیشن، پنجاب دانش ہائی سکول راجن پور کے محمد قاسم نے 1191 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب گرلز ہائی سکول جوہر ٹاؤن لاہور کی آزوا جاوید نے 1190 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ (بوائز) میں محمد قاسم 1191 نمبرز کے ساتھ پہلے، محمد ایان اور اونکار سنگھ 1189 نمبرز کے ساتھ مشترکہ دوسری جبکہ 1188 نمبرز کے ساتھ محمد ایان تیسرے نمبر پر رہے۔ سائنس گروپ (گرلز) میں آمنہ محبوب 1192 نمبرز کے ساتھ پہلی، آزوا جاوید 1190 نمبرز کے ساتھ دوسری اور فاطمہ ابرار 1189 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائیں۔ آرٹس گروپ (بوائز) میں محمد عبداللہ 1126 نمبرز کے ساتھ پہلے، محمد بلال بیگ 1112 نمبرز کے ساتھ دوسرے اور احمد حفیظ 1109 نمبرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ آرٹس گروپ (گرلز) میں فریبہ خان 1170 نمبرز کے ساتھ پہلی، ایمان فاطمہ سلیم 1166 نمبرز کے ساتھ دوسری اور فاطمہ عبدالصمد 1150 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔