لاہور (زیڈاین این) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کی قرارداد جمع کرا دی گئی۔ یہ قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ان کی جدوجہدِ آزادی سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اولین ایجنڈا ہے اور بھارت نے 5 اگست 2019 کو طاقت کے بل بوتے پر کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کی، تاہم وہ کشمیری عوام کی تحریکِ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مسئلہ کشمیر کو اقوامِ عالم کا سب سے پرانا اور حل طلب مسئلہ سمجھتا ہے۔ جب تک مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل نہیں نکلتا، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن ممکن نہیں۔ ایوان نے کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے۔