پنجاب میں آج شام سے 8 اپریل تک بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی

پنجاب میں آج شام سے 8 اپریل تک بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی

پنجاب میں آج شام سے 8 اپریل تک موسم کی خراب صورتحال کے باعث کئی اضلاع میں بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس پر محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کا زیادہ امکان راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے صوبے کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی کے دوران کھلے مقامات تلے نہ رہیں اور کسان اپنے زرعی کاموں میں موسمی حالات کا خیال رکھیں۔شمالی علاقہ جات کے سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس موسمی صورتحال کے باعث ممکنہ طور پر نقل و حمل میں رکاوٹیں، پانی بھرنے اور فصلوں کو نقصان کے خطرات موجود ہیں، اس لیے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔