ایرانی خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے زور دیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے کبھی بھی امریکا اور اسرائیل کو گزرنے نہیں دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کی نوعیت اور اس کے پھیلاؤ کا غلط اندازہ لگایا ہے، اور اگر کشیدگی بڑھی تو اس کا نتیجہ امریکی شکست کی صورت میں نکلے گا۔ترجمان نے کہا کہ ایران کسی بھی قسم کی کشیدگی یا جارحیت کے لیے تیار ہے اور شہری اہداف پر حملے کی صورت میں ایران دگنا جواب دے گا۔دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نیوی نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ آبنائے ہرمز کا اسٹریٹجک منظر نامہ مستقل طور پر بدل گیا ہے اور یہ اہم آبی گزرگاہ امریکا اور اسرائیل کے لیے اب کبھی اپنی سابقہ حالت میں واپس نہیں آئے گی۔
ایکس (سابق ٹویٹر) پر جاری بیان میں IRGC نیوی کمانڈ نے کہا کہ غیر ملکی بالادستی کا دور ختم ہو چکا ہے اور حالیہ علاقائی پیش رفت نے طاقت کے توازن کو بدل دیا ہے۔ بیرونی قوتیں، خاص طور پر امریکا، ایران کے قریبی سمندری علاقوں میں اب محدود اثر ڈال سکتی ہیں۔یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں امریکی تنصیبات پر حالیہ حملوں کے بعد علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، اور بین الاقوامی فضائی اور بحری راستے متاثر ہوئے ہیں۔