امریکی ریاست اوہائیو سے تعلق رکھنے والی 90 سالہ ایتھلیٹ این کرائل ایسلسٹن نے حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انہوں نے 2 منٹ 52 سیکنڈ تک ڈیڈ ہینگ پوزیشن برقرار رکھ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ اس وقت ان کی عمر 90 سال اور 231 دن تھی، جو اس کامیابی کو مزید غیر معمولی بناتی ہے۔این کرائل نے یہ ریکارڈ اینی جوڈس سے چھینا، جنہوں نے 2024 میں 81 سال کی عمر میں یہی کارنامہ انجام دیا تھا۔رپورٹس کے مطابق این کرائل نے اس ریکارڈ کے لیے فروری میں باقاعدہ تربیت شروع کی تھی۔ وہ اپنی زندگی میں 10 مختلف کھیلوں سے وابستہ رہ چکی ہیں اور کوچنگ کا بھی وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ریکارڈ حاصل کرنا اور اس انداز میں سراہا جانا ان کے لیے ایک نیا تجربہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا زیادہ تر وقت اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کی حوصلہ افزائی میں گزارا اور کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ خود بھی کسی عالمی ریکارڈ کا حصہ بنیں گی۔