حکومت کی کمیٹی سے 7 ستمبر کو اسلام آباد میں مذاکرات ہوں گے:لیاقت بلوچ
لاہور،مینگورہ (مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف لاہور اور دیگر شہروں میں جمعتہ المبارک کو 20 ویں روز بھی دھرنے جاری رہے جبکہ مینگورہ سوات میں جلسہ عام منعقد ہوا جس میں کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے خطاب میں 3ستمبر کی ملک گیر تاریخی ہڑتال پر کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے تاریخی جدوجہد کی، جماعت اسلامی کی تحریک عام لوگوں کی آواز ہے اور ملک بھر میں تحریک بڑھ رہی ہے ، لاہور، پشاور، کراچی، حیدرآباد، سکھر اور چترال سمیت 15 سے زائد مقامات پر دھرنے مسلسل جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیوں کے لیے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال رہے ہیں اور عوام کا جینا دوبھر کر دیا ، غریب کیلئے دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ،پٹرول پر لیوی لگا کر قیمتیں آسمان پر پہنچا دی گئیں جس کے باعث اشیائے ضروریہ مہنگی ہو چکیں، ہر موٹرسائیکل سوار پٹرول پر 35 فیصد ٹیکس دیتا ہے،حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی اور مطالبات منظور ہونے تک دھرنے جاری رہیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ لیوی بھتے کا عوام کو علم نہیں تھا، اس کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، ہمارے کارکنوں نے عوام میں شعور پیدا کیا، دو سال قبل آئی پی پیز کے خلاف دھرنا دیا تو عوام کو ریلیف ملا، ہم سے کہا گیا لوڈشیڈنگ زیادہ ہے، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے کرنا پڑیں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئی پی پیز کے قرضے اور سود بھی عوام سے وصول کئے جاتے ہیں، 1994 سے اب تک تمام آئی پی پیز کے ساتھ ناجائز معاہدے ہوئے۔ ادھر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و مذاکراتی ٹیم کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 7 ستمبر (پیر)کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بات چیت آگے بڑھائی جائے گی ، اب یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ کتنی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی اور کتنے وقت میں مسئلہ حل کرتی ہے۔