سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ، بجلی 20پیسے یونٹ مہنگی کرنیکی منظوری

ڈسکوز اور کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر اطلاق دسمبر کے بلوں پر ہو گا:نیپرا 
گزشتہ مالی سال کی چوتھی ایڈجسٹمنٹ سے 1.54روپے کم چارج کیا جائیگا:اتھارٹی 

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)نیپرا نے ڈسکوز کے مالی سال 25-2024 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی ، ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد بجلی تقریبا ً 20 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ نیپرا کے جاری اعلامیہ کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق صرف دسمبر 2024کے مہینے کے بلوں پر ہو گا، اتھارٹی نے مالی سال 25-2024کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر 20نومبر کو عوامی سماعت کی تھی، اس سے قبل مالی سال 24-2023کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے اوسط 1روپیہ 74پیسے فی یونٹ چارج کیا جا رہا جو نومبر 2024تک لاگو تھا۔ پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی یڈجسٹمنٹ کی نسبت 1روپیہ 54پیسے فی یونٹ صارفین سے کم چارج کی جائے گی اور اطلاق ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائیلائف لائن پر ہوگا۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے فیصلہ سے نوٹیفکیشن سے پہلے وفاقی حکومت کو مطلع کر دیا گیا۔