بلوچستان کے ضلع خضدار میں زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و تشویش کی لہر دوڑا دی، جس کے باعث متعدد افراد گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور محفوظ مقامات پر جمع ہوگئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خضدار میں آنے والے زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔ زلزلے کا مرکز خضدار سے 75 کلومیٹر شمال مغرب میں بتایا گیا ہے۔اچانک زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر علاقہ مکین گھبرا کر کھلی جگہوں پر نکل آئے اور کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ تاہم زلزلے کے نتیجے میں تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ماہرین کے مطابق زلزلے زمین کے اندر موجود ٹیکٹونک پلیٹس کی حرکت کے باعث آتے ہیں۔ جب یہ پلیٹس ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیں، دور ہوتی ہیں یا ان کے درمیان موجود دباؤ اچانک خارج ہوتا ہے تو زمین کی سطح پر لرزش پیدا ہوتی ہے۔بلوچستان پاکستان کے زلزلہ خیز علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں زیرِ زمین پلیٹوں کی سرگرمی کے باعث وقتاً فوقتاً زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے رہتے ہیں۔