5 محکموں کی اسامیوں پر 239 امیدوار وں کی کامیابی کا اعلان

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں اسسٹنٹ کی 9 اسامیوں کیلئے 42 امیدوار کامیاب 
 سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن نے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا
 لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی، محکمہ لیبر اینڈ ہیومن ریسورس، محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ اور ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے مختلف محکموں کی اسامیوں کے تحریری و حتمی نتائج کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ترجمان کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (ہوم ڈیپارٹمنٹ)میں اسسٹنٹ کی 9 اسامیوں کیلئے 42 امیدوار تحریری امتحان اور ایم ایس آفس پروفیشنسی ٹیسٹ میں کامیاب قرار پائے ۔ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن، محکمہ لیبر اینڈ ہیومن ریسورس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی 37 اسامیوں کیلئے 182 امیدوار،ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی، محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر/کیوریٹر کی ایک اسامی کیلئے 5 امیدوار ،واسا راولپنڈی، ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (انفارمیشن)کی ایک اسامی کیلئے 5 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آفس خوشاب، بورڈ آف ریونیو میں کمپیوٹر آپریٹر کی اسامیوں پر 5 امیدواروں کو حتمی طور پر کامیابی ملی۔ تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کیلئے کال لیٹرز پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر جلد اپ لوڈ کیے جائیں گے۔