ویب ڈیسک: دہلی پولیس نے خواتین کی نازیبا ویڈیو خفیہ کیمرے سے ریکارڈ کرنے والے بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کی شناخت 31 سالہ موہت پریہ درشی کے نام سے ہوئی ہے، جو ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ کا رہائشی اور ایک نجی ایئرلائن میں پائلٹ ہے۔انڈین میڈیا کے مطابق ملزم کو جنوب مغربی دہلی کے کشن گڑھ پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے 30 اگست کو ایک خاتون کی شکایت پر حراست میں لیا۔ متاثرہ خاتون، جو کشن گڑھ گاؤں کی رہائشی ہے، نے پولیس کو بتایا کہ وہ رات تقریباً 10:20 بجے شانی بازار میں موجود تھی، جہاں اس نے دیکھا کہ ایک شخص خفیہ کیمرے کے ذریعے اس کی ویڈیو بنا رہا ہے۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دفعہ 77/78 بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ابتدائی تفتیش میں پولیس نے آس پاس کے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا، جبکہ مقامی بیٹ اسٹاف اور خفیہ ذرائع کو بھی متحرک کیا گیا۔
انٹیلی جنس کی بنیاد پر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے خواتین کی نازیبا ویڈیوز ریکارڈ کرنے کا اعتراف بھی کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق اس کے قبضے سے خفیہ کیمرہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے موبائل اور دیگر ڈیجیٹل آلات کو بھی قبضے میں لے کر مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔