لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے کندھے کی سرجری کے بعد بحالیِ صحت اور فٹنس کی بحالی کے لیے باقاعدہ ٹریننگ شروع کر دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل پینل کی مشاورت سے شاداب خان کا آپریشن 5 جولائی کو انگلینڈ میں کیا گیا تھا۔سرجری کے بعد شاداب خان کو ایشیا کپ کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، تاہم انہوں نے اپنی ریکوری اور فٹنس کی بحالی کے سفر کو سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے ویڈیوز میں مختلف ری ہیب اور فٹنس ایکسرسائزز کرتے ہوئے دکھایا، جبکہ کیپشن میں لکھا: "میرا ری ہیب جاری ہے، آپ سب کی دعاؤں کا شکریہ۔"پی سی بی ذرائع کے مطابق شاداب خان کی مکمل فٹنس نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف مجوزہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل متوقع ہے۔ اگر وہ بروقت مکمل فٹ ہو جاتے ہیں تو انہیں دوبارہ قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔