لاہور: باغبانپورہ کے علاقے داروغہ والا چوک میں پان شاپ سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ چوری کا معمہ پولیس نے حل کرلیا، واردات میں دکان کا ملازم ملوث نکلا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دکان سے بھاری رقم چوری ہونے کے حوالے سے 15 پر متعدد کالز موصول ہوئیں۔ دکان مالک نے پولیس کو بتایا تھا کہ نامعلوم چور دکان سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم چوری کرکے فرار ہوگیا ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی، جس کے ذریعے واردات کا سراغ مل گیا۔ فوٹیج میں انکشاف ہوا کہ چوری کی واردات میں دکان کا ملازم حسنین علی مبینہ طور پر ملوث ہے۔پولیس کے مطابق ملزم برقع پہن کر دکان میں داخل ہوا اور رقم چوری کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔ مزید ریکوری اور واقعے کی تفتیش کے لیے ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھریلو اور کاروباری ملازمین کا مکمل ڈیٹا قریبی پولیس اسٹیشن یا خدمت مرکز میں لازمی درج کروائیں تاکہ جرائم کی روک تھام اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں تحقیقات میں مدد مل سکے۔