انسدادِ دہشت گردی عدالت کا عمران خان کو پیش کرنے کا حکم

انسدادِ دہشت گردی عدالت کا عمران خان کو پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے حکم دیا کہ عمران خان کو جسمانی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔عدالت نے کیس میں سابق وفاقی وزرا فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی حسن خان نیازی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔