مقامی افراد نے 25 سالہ علی عباس کو بچا لیا، 29 سالہ احمد کی تلاش جاری
قصور،تلونڈی(خصوصی رپورٹ)دریائے ستلج میں مچھلی پکڑنے آئے دو دوست ڈوب گئے، ایک کو زندہ بچا لیا گیا، دوسرے کی تلاش جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور سے مچھلی پکڑنے کے لیے عطر سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج آنے والے دو دوست دریا میں ڈوب گئے۔ مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 25 سالہ علی عباس کو زندہ بچا لیا، جبکہ 29 سالہ احمد تاحال لاپتہ ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیم کشتی سمیت موقع پر پہنچ گئی اور لاپتہ نوجوان کی تلاش کے لیے دریائے ستلج میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو اہلکار کشتی اور غوطہ خوروں کی مدد سے دریا کے مختلف مقامات پر احمد کی تلاش میں مصروف ہیں، تاہم آخری اطلاعات تک لاپتہ نوجوان کا سراغ نہیں مل سکا۔