طلبہ کو اسلامی بینکاری کے شرعی پہلو ئوں سے روشناس کرایا جائیگا:ڈاکٹرراغب نعیمی
لاہور(خصوصی رپورٹ)جامعہ نعیمیہ نے طلبہ کیلئیاسلامی بینکنگ کورسز شروع کرنے کا اعلان کردیا۔دینی طلبہ کو اسلامی مالیاتی نظام کی عملی تربیت دی جائیگی۔اسلامی بینکاری میں شریعہ کمپلائنس اور جدید مالیاتی معاملات کی تربیت دی جائے گی۔ دینی طلبہ کو اسلامی بینکاری کے عملی اور شرعی پہلو ئوں سے روشناس کرایا جائے گا۔ان خیالات کااظہارجامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب نعیمی نے جامعہ نعیمیہ میں افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کو آرڈینیٹر اسلامی بینکا ری حاحبزادہ حافظ عبداللہ نعیمی اورمولانا قاسم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نیمزید کہا اسلامی بینکاری تیزی سے ترقی کرتی صنعت ہے جس میں شرعی اصولوں اور جدید مالیاتی نظام کو سمجھنے والے ماہرین کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔ اسی کے پیش نظر دینی طلبہ کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے۔کورسز میں اسلامی بینکاری کے اصول، سود اور اسکی مختلف صورتیں، مرابحہ، مضاربہ، مشارکہ، اجارہ، سلم، استصناع، تکافل، اسلامی سرمایہ کاری اور جدید مالیاتی معاہدات سمیت اہم موضوعات پڑھائے جائینگے۔ طلبہ کو موجودہ بینکاری نظام میں پیش آنیوالے شرعی مسائل اور انکے عملی حل سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔طلبہ کوماہرینِ شریعہ و اسلامی بینکاری اور متعلقہ شعبوں کے تجربہ کار اساتذہ کے ذریعے تربیت دی جائیگی تاکہ وہ مستقبل میں اسلامی بینکاری اور مالیاتی اداروں میں بطورشریعہ ایڈوائزر، ریسرچ سکالر، ٹرینر خدمات انجام دے سکیں۔