جامعہ نعیمیہ :فنِ خطابت کورس کی تکمیل ،تقریری مقابلہ

فن خطابت میں نمایاں کارکردگی والے طلبہ میں اسناد اور انعامات تقسیم 
لاہور (خصوصی رپورٹ)جامعہ نعیمیہ لاہور میں دینی طلبہ کی علمی و فکری صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے فنِ خطابت کورس کی تکمیل پر ایک شاندار تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے میں مختلف درجات کے طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور اپنے خیالات کا مدلل اور خوبصورت انداز میں اظہار کیا۔ تقریب کا مقصد طلبہ میں خود اعتمادی پیدا کرنا، موثر ابلاغ کی تربیت دینا اور اسلامی و معاشرتی موضوعات پر سوچنے، سمجھنے اور اظہارِ خیال کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔ طلبہ نے سیرت النبی، اتحاد امت، جدید چیلنجز اور نوجوانوں کی ذمہ داریاں جیسے اہم موضوعات پر پراثر تقاریر کیں۔ آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں اسناد اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ناظم اعلیٰ راغب حسین نعیمی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حصولِ علم ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے۔ علم وہ روشنی ہے جو انسان کی زندگی کو مقصد، شعور اور بصیرت عطا کرتی ہے۔ آج کے دور میں دینی و عصری تعلیم دونوں کی اہمیت مسلّم ہے اور ہمارے نوجوانوں کو ہر طرح کی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا۔