ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے بھارت میں امن کی صورتحال سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ریمارکس ایک اسکرپٹڈ گفتگو کا حصہ تھے اور انہیں مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا تھا۔
سنجے دت نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی فرد، برادری یا ادارے کی دل آزاری یا بے عزتی کرنا ان کا مقصد نہیں تھا۔اداکار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گفتگو کا انداز ان کی مشہور فلم ’منا بھائی‘ کے مزاح اور طنز سے مشابہ تھا، جس میں ’گاندھی گیری‘ کے ذریعے محبت، اپنائیت، اتحاد اور خیرسگالی کا پیغام دیا گیا۔سنجے دت کے متنازع قرار دیے جانے والے ریمارکس ایک شو کے دوران سامنے آئے تھے، جہاں انہوں نے بھارت کے عوام کو گرمجوش اور مہمان نواز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اب ملک میں پہلے جیسا امن محسوس نہیں ہوتا۔ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی، جس کے بعد اداکار نے اپنا وضاحتی بیان جاری کیا۔سنجے دت نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ ان کے الفاظ کو مکمل گفتگو کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے اور ان کا مقصد کسی کی توہین یا دل آزاری نہیں تھا۔