ممبئی: بالی ووڈ کے معروف پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا کے چھوٹے بیٹے سفیان ناڈیاڈوالا اپنی شکل و حلیے کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے۔
سفیان حال ہی میں ممبئی میں فلم ’پریم کیٹانو‘ کی اسکریننگ میں اپنے والدین کے ہمراہ شریک ہوئے، جہاں ان کی ملاقات بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان سے بھی ہوئی۔تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے سفیان کی شکل و صورت کا موازنہ نوجوان سلمان خان سے کرنا شروع کردیا۔ بعض مداحوں نے انہیں ’90 کی دہائی کا سلمان خان‘ قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ وہ سلمان خان کے بیٹے لگتے ہیں۔سفیان ناڈیاڈوالا اس سے قبل بھی رواں سال اپریل میں اپنی ظاہری مشابہت کے باعث سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکے ہیں، جس کے بعد ان کے بارے میں مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھ گئی۔تاہم سفیان فی الحال اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور دستیاب معلومات کے مطابق مستقبل قریب میں بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔