سکھر حیدر آباد موٹر وے ایم 6 کی تعمیر اگلے ماہ شروع ہوگی، عبد العلیم خان

 سنگ بنیاد کی تقریب میں صدر زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا
اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے سکھر، حیدر آباد موٹر وے ایم 6 کی تعمیر اگلے ماہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔علیم خان نے اپنے ٹوئٹ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 30 برسوں سے التوا کا شکار موٹر وے ایم 6 کی تعمیر شروع ہونے جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا کرم ہے کہ ایم 6 جیسے تاریخی منصوبے کو عملی شکل دینے کا موقع مل رہا ہے۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ موٹر وے ایم 6 سندھ سمیت پورے پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کو نئی رفتار دے گی، جب کہ یہ منصوبہ ملک کی معاشی ترقی اور علاقائی رابطوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔علیم خان نے کہا کہ موٹر وے ایم 6 منصوبہ سندھ اور پاکستان کی ترقی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹر وے ایم 6 کے سنگ بنیاد کی تقریب میں صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی سندھ اور صوبائی کابینہ کے اراکین کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔