امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈٹرم الیکشن 2026ء سے قبل ووٹنگ مشینوں کے خاتمے کا عندیہ دے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈٹرم الیکشن 2026ء سے قبل ووٹنگ مشینوں کے خاتمے کا عندیہ دے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2026ء کے وسط مدتی انتخابات سے پہلے بذریعہ ڈاک ووٹنگ اور ووٹنگ مشینوں کے خاتمے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وہ ایک ایسا حکم نامہ جاری کریں گے جس کا مقصد انتخابات کو زیادہ شفاف اور قابل اعتماد بنانا ہے۔ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ بذریعہ ڈاک ووٹنگ غیر شفاف، مہنگی اور متنازع ہے، اور اس کے ذریعے بڑے پیمانے پر دھاندلی کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر کے دیگر ممالک نے میل اِن ووٹنگ کو انتخابی فراڈ کے سبب ترک کیا ہے، اور امریکہ واحد ملک ہے جہاں اس طریقہ کار کا استعمال جاری ہے۔ٹرمپ کا موقف ہے کہ ریاستیں ووٹوں کی گنتی کا عمل وفاقی حکومت کے کنٹرول میں ہوں اور انہیں وہی کرنا چاہیے جو ملکی مفاد میں مناسب سمجھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں بائیں بازو کی پالیسیاں، سرحدوں کا کھلا رہنا، مردوں کا خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینا، ٹرانس جینڈر حقوق، اور دیگر ثقافتی موضوعات ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔دوسری جانب، وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ انتخابات کے طریقہ کار پر ممکنہ ایگزیکٹو آرڈر کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور اس کے نفاذ کے حوالے سے مزید تفصیلات ابھی طے نہیں پائی ہیں۔