امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے قریب معاہدہ

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے قریب معاہدہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایک اہم معاہدہ طے پانے کے قریب ہے۔

 وائٹ ہاؤس میں تھینکس گیونگ کی تقریب سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ اس جنگ میں ہزاروں فوجی مارے جا چکے ہیں، مگر اب امن معاہدے کے مسودہ پر غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف نو ماہ میں آٹھ جنگیں روکیں، اور اب روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے بھی حتمی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف کو ماسکو بھیجنے کی ہدایت دی ہے تاکہ روسی صدر سے ملاقات کر کے حتمی نکات طے کیے جا سکیں۔ ان کے مطابق، معاہدے میں اب صرف چند اختلافی امور باقی ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن منصوبے پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، مگر کچھ حساس نکات پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔ چند روز قبل، امریکی اور یوکرینی حکام نے جنیوا میں 28 نکاتی امریکی امن تجویز پر مذاکرات کیے تھے، جس کے بعد دونوں ممالک نے ایک نئے فریم ورک پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے یوکرین کو امن معاہدہ قبول کرنے کے لیے 27 نومبر کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کی ہے۔