ریسٹورنٹ تین منزلہ ، بیک وقت دو سو کے قریب افراد کے بیٹھنے اور کھانے کی گنجائش رکھی گئی ،منصوبہ رواں مالی سال میں مکمل کیاجائیگا
لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی حکومت نے لاہور میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک منفرد منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس منصوبے کے تحت لاہور کینال میں ‘‘شپ ریسٹورنٹ’’ قائم کیا جائے گا، جو اپنے نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا۔پنجاب حکومت اس منصوبے کی منظوری پہلے ہی دے چکی ہے، جبکہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ، پی ایچ اے نے شپ ریسٹورنٹ کے قیام کے لیے ٹینڈرز طلب کر لیے ہیں۔ذرائع کے مطابق منصوبہ رواں مالی سال کے دوران مکمل کر لیا جائے گا۔شپ ریسٹورنٹ لاہور کینال کے جلو کے قریب تعمیر کیا جائے گا، جہاں قدرتی حسن اور کشادہ جگہ کی بدولت شہریوں کو ایک پرسکون اور دلکش ماحول فراہم کیا جائے گا۔ریسٹورنٹ تین منزلہ ہوگا، جس میں کچن، ڈائننگ ایریا اور چھت پر اوپن ائیر سپیس شامل ہوگی۔شپ ریسٹورنٹ میں بیک وقت دو سو کے قریب افراد کے بیٹھنے اور کھانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔پی ایچ اے کے مطابق ریسٹورنٹ کے آپریشنل سسٹم کو آؤٹ سورس کیا جائے گا تاکہ انتظامی اور سروس کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے منصور احمد راجہ کے مطابق ریسٹورنٹ چلانے کے لیے معروف اور معیاری فوڈ چینز سے کنٹریکٹ کو ترجیح دی جائے گی۔