رکشہ ڈرائیور کو بچاتے پولیس اہلکار ٹرک تلے کچلا گیا

 ٹرک کی چڑھائی پر بریک فیل ہوگئی، حامد نے رکشہ ڈرائیور کو آگاہ کیا
 دونوں ٹانگیں بری طرح کچلی گئیں، ڈرائیور کو حراست میں لے لیا 
لاہور (کرائم رپورٹر)شاہدرہ فلائی اوور پر خوفناک حادثہ اْس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک کی چڑھائی پر بریک فیل ہوگئی۔موقع پر موجود پولیس اہلکار کانسٹیبل حامد نے حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان پر کھیل کر رکشہ ڈرائیور کو بروقت خطرے سے آگاہ کیاعینی شاہدین کے مطابق، ٹرک بریک فیل ہونے کے باعث تیزی سے پیچھے آ رہا تھا جب ناکہ پر موجود کانسٹیبل حامد نے صورتحال کو بھانپ لیا۔ انہوں نے فوراً رکشہ ڈرائیور کو پیچھے ہٹنے کا اشارہ دیا، جس سے رکشہ والا محفوظ رہا۔ تاہم، اسی دوران ٹرک نے کانسٹیبل حامد کو اپنی لپیٹ میں لے لیاجس کے نتیجے میں ان کی دونوں ٹانگیں بری طرح کچلی گئیں۔زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا اور گاڑی کو قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔