خواتین پنک اسکوٹیز پروگرام دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کرائیں:شرجیل میمن

 اسکوٹیز کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع، ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، تربیتی کورسز میں حصہ لیں 
کراچی (آئی این پی)سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کے لیے پنک اسکوٹی فراہمی کے دوسرے مرحلے کا اعلان کردیا گیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت سندھ خواتین کو پنک اسکوٹیز کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کرنے جا رہی ہے۔ خواتین سے اپیل ہے کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، تربیتی کورسز میں حصہ لیں اور پنک اسکوٹیز پروگرام کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کرائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے خواتین کو مفت ٹریننگ کے ساتھ ساتھ مفت لائسنس بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو اسکوٹیز کی فراہمی کا مقصد  ان کو روزمرہ کے سفری مسائل سے نجات دلانا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پنک اسکوٹیز کے منصوبے کو عوام کی طرف سے غیر معمولی پذیرائی ملی۔جس میں  درجنوں خواتین نے ڈرائیونگ سیکھی، لائسنس حاصل کیے اور اپنی روزمرہ مصروفیات کے لیے پنک اسکوٹیز کو اپنایا۔ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور محفوظ، باوقار انداز میں اپنے تعلیمی و پیشہ ورانہ سفر کو جاری رکھیں