نجی ائیرلائن کے طیارے میں خرابی،مسافروں کا احتجاج

اگلے روز جانے والی پرواز میں بھی خرابی،مسافروں کی عملے سے تلخ کلامی 
 لاہور (خصوصی رپورٹ )کراچی سے لاہور جانے والی نجی ائیرلائن کے طیارے میں فنی خرابی پیش آنے سے مسافروں کو زحمت کا سامنا کرنا پڑا جس پر انہوں نے احتجاج کیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی نجی ائیرلائن کا طیارہ اْڑان بھرنے کے لئے ٹیک آف پوائنٹ پر پہنچا تو انجن میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی، جس پر کپتان طیارے کو واپس ریمپ پر لے آیا،مسافروں کو لا ئونج منتقل کردیا گیا۔ مسافروں نے زحمت پیش آنے پر ائیرپورٹ پر احتجاج بھی کیا۔ پرواز اتوار کی شب لاہور کے لئے روانہ ہونا تھی، تاہم فنی خرابی پیش آنے کے باعث منسوخ کردی گئی تھی۔ مسافروں کوگزشتہ روز صبح کی پرواز سے لاہور روانہ کیا جانا تھا، تاہم وہ بھی خراب ہو گئی، جس پر مسافروں کے احتجاج کے دوران عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔