اطلاع میں مبینہ طور پر 1984 کے مدراس ایئرپورٹ طرز کے حملے کی دھمکی دی گئی تھی
انڈیگو فلائٹ 6E 68 جو یکم نومبر 2025 کو جدہ سے حیدرآباد کے لیے روانہ ہوئی تھی
ممبئی (آئی این پی )سعودی عرب کے شہر جدہ سے بھارتی شہر حیدرآباد جانے والی انڈیگو کی پرواز کو اس وقت ہنگامی طور پر ممبئی ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا جب اس میں بم کی ایک جھوٹی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع میں مبینہ طور پر 1984 کے مدراس ایئرپورٹ طرز کے حملے کی دھمکی دی گئی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیگو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ، انڈیگو فلائٹ 6E 68 جو یکم نومبر 2025 کو جدہ سے حیدرآباد کے لیے روانہ ہوئی تھی، کو ایک سیکورٹی خطرے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد طیارے کو ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق واقعے پر متعلقہ حکام کو فوری طور پر آگاہ کیا گیا اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا گیا تاکہ طیارے کی سیکورٹی جانچ کی جا سکے۔بھارتی ائیرلائن نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ،ہم نے مسافروں کو کم سے کم تکلیف دینے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے، جن میں ریفریشمنٹس کی فراہمی اور صورتحال سے متعلق باقاعدہ معلومات فراہم کرنا شامل تھا۔تاہم ممبئی ایئرپورٹ پر تمام ضروری حفاظتی معائنوں کے بعد پرواز کو کلیئرنس دے دی گئی۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے مکمل جانچ پڑتال کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیگو کی پرواز کو موصول ہونے والی ایک ای میل میں دھمکی دی گئی تھی کہ 1984 کے مدراس ایئرپورٹ طرز کے دھماکے جیسا واقعہ پیش آئے گا۔