نواں کوٹ میں 25 سالہ نوجوان تشدد سے قتل، مقدمہ درج، ملزمان تاحال فرار

نواں کوٹ میں 25 سالہ نوجوان تشدد سے قتل، مقدمہ درج، ملزمان تاحال فرار

نواں کوٹ کے علاقے میں 25 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا تاہم ملزمان کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں آ سکی۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ولید اختر کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کے والد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق ولید اختر اپنی اہلیہ اور ساس کے ہمراہ شاپنگ کے لیے کوٹ کمبوہ گئے تھے جہاں مبینہ طور پر نوید اور اطہر عباس نے ان پر گھونسوں اور لاتوں سے شدید تشدد کیا۔ واقعے کے بعد زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، جس پر انہوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے اور مختلف ٹیمیں ان کی تلاش میں مصروف ہیں۔