سانتوز ایف سی کے ٹریننگ سیشن میں پیش آیا یہ واقعہ فٹبال کے دنیا کے معروف اسٹار نیمار اور نوجوان کھلاڑی روبینہو جونیئر کے درمیان تلخ کلامی کے نتیجے میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق، 34 سالہ نیمار نے نوجوان کھلاڑی سے آرام سے کھیلنے کا کہا، جس پر دونوں کے درمیان بات چیت میں تلخی پیدا ہوگئی۔ صورتحال نے شدت اختیار کرلی اور نیمار غصہ میں آگئے۔رپورٹس کے مطابق، نیمار نے غصہ میں آکر مبینہ طور پر روبینہو جونیئر کو تھپڑ مارا اور پھر ان کی ٹانگ اڑاکر گرادیا۔ اس واقعہ کے فوری بعد، دونوں کھلاڑیوں کو ٹریننگ سیشن سے باہر نکال دیا گیا۔ یہ واقعہ فٹبال حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔تاہم، بعد میں نیمار نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی سے معذرت کی، جس کے بعد معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوگیا۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر فٹبال کے میدان میں جذبات کی شدت اور کھیل کے دوران پیش آنے والے تنازعات کو اجاگر کیا ہے۔