شہباز شریف بجٹ کے بعد کابینہ تبدیل
ایک وفاقی وزیر نے سبکدوش ، اتحادی جماعت کے وزیر نے وزارت تبدیل کرنے کی درخواست کردی ، کابینہ میں ردوبدل سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کریں گے،اسمبلی کابینہ میں شمولیت کیلئے ہاتھ پائوں مارنے لگے
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ،خصوصی رپورٹ) وفاقی کابینہ میں رد و بدل کا امکان ہے جس پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اراکین سے دو سال کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی ہے، دوسرے سال کے آخری تین ماہ سے متعلق خصوصی طور پر رپورٹ مانگی گئی ہے۔ ایک وفاقی وزیر نے وزیراعظم سے خود ہی انہیں سبکدوش کرنے کی درخواست کر دی جبکہ ایک اتحادی جماعت کے وزیر نے وزارت تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بعد کابینہ میں بعض نئے چہرے بھی نظر آئیں گے۔اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف فرداً فرداً وزراء سے ان کی وزارتوں کی کارکردگی پر بریفنگ بھی لے رہے ہیں،وزیراعظم وزارت خزانہ، پٹرولیم اور پاور ڈویڑن کی کارکردگی پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں ممکنہ ردوبدل کا فیصلہ وزراء کی کارکردگی، عوامی شکایات، حکومتی اہداف اور معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔وزیراعظم مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کن شعبوں میں مطلوبہ نتائج حاصل ہوئے اور کن وزارتوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ حکومت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اسی لیے بجٹ کے بعد انتظامی سطح پر تبدیلیوں کے ذریعے حکومتی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ تبدیلیوں کا مقصد حکومتی ٹیم کو مزید فعال بنانا، عوامی مسائل کے حل میں تیزی لانا اور آئندہ مالی سال کے اہداف کو بہتر انداز میں آگے بڑھانا ہے۔حکومتی ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ میں ردوبدل سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ ارکان اسمبلی کابینہ میں شمولیت کیلئے ہاتھ پائوں مارنے لگے۔