بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش مسلسل بارہویں روز بھی برقرار ہے، جس کے باعث بھارتی ائیرلائنز کو بھاری مالی نقصان اور آپریشنل مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک 1250 سے زائد پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور نقصان کی مالیت 250 کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔فضائی بندش کے باعث ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، اسپائس جیٹ، انڈیگو ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس جیسی معروف بھارتی ائیرلائنز کی پروازیں یا تو تاخیر کا شکار ہوئیں یا مکمل طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ انڈیگو ایئر کی ایئربس 320 طیاروں کے لیے وسط ایشیائی ممالک تک متبادل لمبے روٹس کے باعث فلائٹ آپریشن تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔
انڈیگو کا الماتی، تاشقند سمیت دیگر وسط ایشیائی شہروں کے لیے فضائی آپریشن بند ہے۔ ذرائع کے مطابق دہلی، ممبئی، بنگلور، احمد آباد اور امرتسر سے روانہ ہونے والی بیشتر پروازیں متاثر ہو رہی ہیں اور بھارتی ائیرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔فی الحال فضائی حدود کی بندش ختم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے، جس سے بھارتی ایوی ایشن سیکٹر کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔