ایئر انڈیا کو پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے 8 ارب روپے سے زائد کا نقصان

ایئر انڈیا کو پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے 8 ارب روپے سے زائد کا نقصان

پہلگام واقعہ اور پاک بھارت جنگ کے باعث پاکستان کی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایئر لائنز کو بھاری مالی نقصان میں مبتلا کر دیا ہے، جس میں صرف ایئر انڈیا کو 8 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔

یہ انکشاف ایئر انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیمبل ولسن نے بھارتی حکومت کو لکھے گئے خط میں کیا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان کی فضائی حدود پر پابندی کی وجہ سے درپیش مشکلات اور مالی نقصان پر روشنی ڈالی۔پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے مطابق، پابندی کے بعد بھارتی ایئر لائنز کو روزانہ کی بنیاد پر فیول، اضافی لینڈنگ اور ٹیک آف کے اخراجات میں 30 سے 40 کروڑ روپے تک کا روزانہ نقصان ہو رہا ہے۔ ایئر انڈیا کو روزانہ پروازوں کے دورانیے میں اضافے اور دیگر اخراجات کی مد میں 20 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔سول ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق بھارت کی تقریباً 100 روزانہ پروازیں یورپ، امریکہ، کینیڈا اور لاطینی امریکہ کے لیے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتی تھیں، جو اب متبادل اور طویل فضائی روٹس استعمال کر رہی ہیں، جس سے پروازوں کا دورانیہ دو سے ساڑھے تین گھنٹے تک بڑھ گیا ہے۔پاکستان نے یہ پابندی 23 اپریل کو عائد کی تھی اور اسے 24 جون تک برقرار رکھا گیا ہے، تاہم حالات کے پیش نظر اس میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔یہ پابندی نہ صرف بھارتی ایئر لائنز کو مالی نقصانات میں مبتلا کر رہی ہے بلکہ مسافروں کی سہولتوں پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہے، جبکہ آپریشنل لاگت میں اربوں روپے کا اضافہ بھی ہو رہا ہے۔