لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر شہری کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں صوبے خصوصاً لاہور میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرائم ریٹنگ میں نمایاں کمی پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ لاہور میں جرائم کی شرح میں کمی خوش آئند اور قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے لاہور پولیس کو جرائم میں کمی پر خصوصی شاباش دی اور کہا کہ امن و امان کے قیام میں پولیس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد جیتنے کے لیے پولیس میں احتساب کا مؤثر نظام رائج کیا جا چکا ہے، اور غفلت یا کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور جرائم کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس فورس کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ وہ مؤثر انداز میں عوام کی خدمت کر سکیں۔