پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی جارحیت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی جارحیت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب

نیویارک (ویب ڈیسک): مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں مبینہ فالس فلیگ آپریشن اور اس کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحیت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔

 خبر رساں اداروں کے مطابق سلامتی کونسل کے صدر نے یہ اجلاس بند دروازوں کے پیچھے آج دوپہر کو طلب کیا ہے۔پندرہ رکنی سلامتی کونسل اس بند کمرہ اجلاس میں بھارت کی حالیہ کارروائیوں، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے گی۔ اجلاس کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب اقوام متحدہ، عاصم افتخار، کونسل کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ میں فالس فلیگ آپریشن کے شواہد بھی پیش کرے گا اور اس معاملے پر غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ دہرائے گا۔ پاکستان پہلے ہی مختلف عالمی پلیٹ فارمز پر اس مطالبے کا اعادہ کر چکا ہے کہ پہلگام واقعہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد کشمیری مسلمانوں پر مظالم بڑھانا اور دنیا کی توجہ اصل مسئلہ کشمیر سے ہٹانا ہے۔

اجلاس کے بعد عاصم افتخار عالمی میڈیا کے نمائندوں کو بھی بریف کریں گے اور پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل، بلاجواز گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں عالمی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔پاکستانی وزارت خارجہ نے اس پیشرفت کو اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کے اقدامات کا سخت نوٹس لینا چاہیے، تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔