بھارتی ارکان پارلیمنٹ گتھم گتھا، سرجیکل سٹرائیک کا ثبوت طلب

2019 میں کہیں کوئی حملہ نہیں ہوا:کانگریس رہنما سردار چرن جیت سنگھ
کانگریس دہشتگردوں ،پاکستانی فوج کو آکسیجن فراہم کر رہی:ترجمان بی جے پی
نئی دہلی (خصوصی رپورٹ) پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) اور کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق کانگریس رہنما مشرقی پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی نے بالاکوٹ سرجیکل سٹرائیکس کا ثبوت طلب کرلیا، چرن جیت سنگھ نے کہا کہ آج تک بالاکوٹ سرجیکل سٹرائیکس کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ پاکستان میں کہاں حملے ہوئے؟ کہاں لوگ مارے گئے؟۔انہوں نے کہا کہ کیا اگر ہمارے ملک میں بم گرے تو ہمیں پتہ نہیں چلے گا؟ 2019 میں کہیں کچھ نہیں ہوا،کہیں کوئی حملہ نہیں ہوا۔بی جے پی نے جوابی کارروائی کے طور پر کانگرس ورکنگ کمیٹی کو پاکستان ورکنگ کمیٹی قرار دے دیا، ترجمان بی جے پی سمبت پترا نے الزام لگایا کہ کانگریس دہشت گردوں اور پاکستانی فوج کو آکسیجن فراہم کر رہی ہے۔بی جے پی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے کانگریس کو پاکستان پرست پارٹی قرار دے دیا۔یاد رہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد سے بھارت میں اندرونی سطح پر مودی سرکار کے ماضی کے فالس فلیگ آپریشن پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، مخالفین کا کہنا ہے کہ ریاست بہار میں انتخابات جیتنے کے لیے مودی سرکار نے پہلگام ڈرامہ رچایا ہے۔