ترکیہ کی بھی بھارتی جارحانہ بیانات پر پاکستان کے مؤقف کی تائید

وزیراعظم شہباز شریف سے ترک سفیر کی ملاقات ، پاکستان کے ساتھ یکجہتی کااظہا رکیا 
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے بعد برادر اسلامی ملک ترکیہ نے بھی بھارتی جارحانہ بیانات پر پاکستان کے مؤقف کی تائید کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے سفیر نے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال اور بھارتی پراپیگنڈے پر تبادلہ خیال کیا۔شہباز شریف نے ترک صدر اردوان کے پاکستان کی حمایت اور خطے میں امن کے مطالبے پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے، بھارت پہلگام واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کا ثبوت دینے میں ناکام رہا، بھارت پاکستان کو پہلگام واقعہ سے جوڑنے کی سازش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیز کارروائیوں کے باوجود پاکستان کا ردعمل ذمہ دارانہ ہے۔ترک سفیر نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشیدگی کم کرنے کیلئے فریقین کو موجودہ بحران میں تحمل سے کام لینا ہوگا۔