ملک کے دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، چیئرمین پاکستان سکھ کمیونٹی ودیگر
لاہور (آن لائن) پاکستانی سکھ برادری نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی مکمل تائید کے اعلان اور پہلگام واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کے لئے پہلے ہم حاضر ہوں گے۔ ملک کے دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ چیئرمین پاکستان سکھ کمیونٹی رادیش سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ تاہم بھارتی پروپیگنڈہ کے خلاف تمام دنیا اور پاکستا نی سکھ کمیونٹی پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہ ہو کے ہندوستان کی سکھ برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائے ِ، ایسا نہ ہو کے پاکستانی سکھ گولڈن ٹیمپل تک پہنچ جائیں اور ارداس کریں۔ سکھ رہنما ہربجن سنگھ نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لئے پہلے ہم حاضر ہوں گے ، ہمارا ایک ایک خون کا قطرہ بھی پاکستان کے لئے لڑے گا۔ سکھ رہنماوریام سنگھ نے نعرہ لگاتے ہوے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان زندہ باد، پاکستان ہمارا ملک ، زمین اور ماں ہے، ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان کی تمام اقلیتیں پاکستان کے ساتھ ہیں۔