بین الاقوامی سطح پر بھارت کے جارحیت پر مبنی بیانیے کو تمام بڑے ممالک نے سختی سے مسترد کردیا
اسلام آباد(آن لائن)پہلگام فالس آپریشن کے بعد ہر کوشش کے باوجود بھارت سفارتی سطح پر ناکامی سے دوچار ہوگیا ہے ، بین الاقوامی سطح پر بھارت کے جارحیت پر مبنی بیانیے کو تمام بڑے ممالک نے سختی سے مسترد کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی سطح پر بھارت کے جارحیت پر مبنی بیانیے کو تمام بڑے ممالک نے مسترد کردیا ہے روس کے وزیر خارجہ کا نئی دہلی کو پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات کا بات چیت سے حل کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اور یورپی یونین بھی بھارت کو کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ معاملات بات چیت سے حل کئے جائیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت سے باز رہا جائے ۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سوئٹزر لینڈ نے بھی پاکستان کی پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔سکالر تنوی مدن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ روس نے دو بار ایک دوسرے ملک پر حملہ کرنے کی کوشش کی مگر مسائل حل نہ کرسکا روس کی مثال بھارت کو بتاتی ہے کہ پاکستان کے ساتھ معاملات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔ اس حوالے سے دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ امریکا، یورپی یونین اور اب روس کا معاملات بات چیت سے حل کرنے کا مشورہ بھارت کی سفارتی تنہائی کو ظاہر کرتا ہے یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے فیصلے بالاخر مذاکرات کی میز پر ہی ہونے ہیں بھارت نے اگر جارحیت کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے اسے منہ توڑ جواب ملے گا۔