پاکستان کی پرامن اور فعال سفارتی حکمت عملی نے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی،عالمی ذرائع ابلاغ
پاکستانی طیارے گرانے کی خبر غلط تھی، حکومت نے سچ بولنے والوں کیخلاف کریک ڈائون بھی کیا، صحافی
لندن(آئی این پی) برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اور دیگر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ عالمی کشیدگی کے دوران بھارتی سفارت کاری مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے، جبکہ پاکستان کی پرامن اور فعال سفارتی حکمت عملی نے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی۔بی بی سی کے مطابق، مودی حکومت کی ملٹی الائنس پالیسی غیر موثر ہو کر رہ گئی ہے اور کسی بڑے عالمی ملک نے بھارت کی کھل کر حمایت نہیں کی، جبکہ چین، ترکی، ایران، سعودی عرب جیسے اہم ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔چین نے پاکستان کی خودمختاری کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور ترکی نے پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر سراہا۔ ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے بیک وقت پاکستان کا دورہ کر کے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کو ترجیح دی جا رہی ہے۔امریکی کردار نے بھارت کو شدید دھچکا پہنچایا۔ واشنگٹن سے جاری ہونے والے جنگ بندی کے اعلان سے بھارت لاعلم رہا، اور امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں دہشتگردی کا ذکر تک نہیں کیا، جو مودی حکومت کے بیانیے کے لیے ایک سفارتی جھٹکا تھا۔رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی میڈیا میں پاکستان کا بیانیہ غالب رہا اور بھارتی میڈیا و حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے دعوے، جیسے سرجیکل سٹرائیک، دنیا نے مسترد کر دئیے۔امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارتی میڈیا نے غزہ میں دھماکوں کی ویڈیوز پاکستان پر حملے کے طور پر چلائیں۔امریکی اخبار میں کہا گیا کہ ان تمام خبروں کا نہ کوئی ثبوت موجود تھا نہ کوئی آزاد تصدیق، بھارتی میڈیا نے ان دعوئوں کو ایسے پیش کیا جیسے یہ حتمی حقائق ہوں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی صحافی راج دیپ نے اعتراف کیا کہ پاکستانی طیارے مارگرائے جانے کی خبر غلطی تھی، بھارتی حکومت نے سچ بولنے والوں کے خلاف کریک ڈائون بھی کیا۔بھارتی حکومت کی قانونی درخواست پر 8 ہزار سے زائداکائونٹس کو بھارت میں بلاک کیا گیا،بلاک کیے گئے سوشل میڈیا اکانٹس کی اکثریت پاکستانیوں کی ہے۔