لاہور ( خصوصی رپورٹ)صوبہ بھر میں آٹھویں بورڈ کے امتحانات 9مارچ سے شروع ہورہے ہیں تاہم سینکڑوں طلبہ کو ابھی تک رول نمبر سلپ جاری نہیں کی جاسکی۔ذرائع کے مطابق پیکٹا نے اینرولمنٹ کے ریکارڈ کی بنیاد پر رول نمبر سلپ جاری کی ہیں لیکن اکتوبر کے بعد سکولوں میں داخل ہونے والے طلبا کو سلپ فراہم نہیں کی گئی۔رول نمبر سلپ نہ ملنے پر طلبا اور والدین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ امیدوار بغیر رول نمبر سلپ بھی امتحانی مراکز میں بیٹھ سکیں گے اور انہیں متعلقہ سکول کے اساتذہ کے ساتھ جا کر اپنی انٹری کروانی ہوگی۔آٹھویں بورڈ کے امتحان میں مجموعی طور پر تقریباً 10لاکھ امیدوار حصہ لیں گے، اور امتحانات کے سلسلے میں تعلیمی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔