ایمرجنسی 15 پر موصول 331 کالز پر شہریوں کو بروقت ریسکیو

 ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر 15 کی کالز پر ریسپانس ٹائم کا خصوصی جائزہ لیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)پی آر یو نے ماہِ فروری کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ایس پی ڈولفن اسامہ امین چیمہ کے مطابق ایمرجنسی 15 پر موصول ہونے والی 331 کالز پر شہریوں کو بروقت ریسکیو کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر 15 کی کالز پر ریسپانس ٹائم کا خصوصی جائزہ لیا گیا، جس کے دوران اوسط ریسپانس ٹائم 5 سے 7 منٹ ریکارڈ کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران 161 اشتہاریوں سمیت 1483 عادی ملزمان اور 104 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاؤہ ڈولفن سکواڈ نے 30 خطرناک ڈکیت گینگز کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا جبکہ سٹریٹ کرائم میں ملوث مزید 3003 ملزمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔ناجائز اسلحہ کے خلاف مہم کے دوران 27 پسٹلز اور 2 رائفلز برآمد کی گئیں۔ ہوائی فائرنگ اور آتش بازی میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 180 بوتلیں شراب، 17 بیئر کین، 2150 گرام چرس، آئس اور ہیروئن برآمد کی گئی۔پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن میں 68 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے۔ 15 کی کالز پر کارروائی کرتے ہوئے 21 نوسربازوں اور چوروں سے 3 موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔سٹاپ اینڈ سرچ کے دوران 13 لاکھ 56 ہزار 724 وہیکلز جبکہ 12 لاکھ 42 ہزار 552 افراد کو چیک کیا گیا۔ ڈولفن سکواڈ نے 7 چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلز برآمد کیں جبکہ جعلی اور ٹمپرڈ نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 45 موٹر سائیکلز اور گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن میں 201 ون ویلرز کو گرفتار کیا گیا۔ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف نوعیت کے 237 سے زائد افراد کو ریسکیو بھی کیا گیا۔ایس پی ڈولفن اسامہ امین چیمہ کا کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔