پاکستانی شاہینوں نے بنیان المرصوص میں ایسی تاریخ رقم کی جو قیامت تک یاد رکھی جائے گی
ختم نبوت اور وطن عزیز کی سلامتی کیلئے تمام مکاتب فکر کے قائدین اور قوم ایک ہیں :پریس کانفرنس
لاہور(آئی این پی ) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے جس پاکستان پر دہشت گردی پھیلانے کا الزام لگایا جاتا تھا اسے آج دنیا میں ارض امن قرار دیا جا رہا ہے،پاکستانی شاہینوں نے معرکہ حق میں ایسی تاریخ رقم کی جو قیامت تک یاد رکھی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ منظور اسلامیہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، ملک کے مدارس اور مساجد کے اندر معرکہ حق کی کامیابی کو منایا جا رہا ہے، پاکستان کو جو کامیابی ملی وہ اللہ کے فضل و کرم اور پاک فوج کی وجہ سے ملی۔ دشمن سمجھتا تھا کہ جارحیت سے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لے آئے گا اور مقبوضہ کشمیر کو غزہ بنا دے گا۔ بھارت نے رات کو حملہ کیا تو پاکستان نے دن کے اجالے میں دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ داڑھی والے کو وردی والوں سے لڑوانے کی کوشش کی گئی، خود کش حملہ آوروں کو پگڑیاں اور ٹوپی پہنا کر دہشت گردی کروائی گئی۔ ملک میں آٹھ ہزار سے زائد علما دہشت گردی کا نشانہ بنے، ہم آج بھی اپنی ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سپہ سالار حافظ عاصم منیر کہیں ہم صف اول میں کھڑے ہوں گے، ختم نبوت اور وطن عزیز کی سلامتی کیلئے تمام مکاتب فکر کے قائدین اور قوم ایک ہیں